جس کو ایک بار دل میں جگہ دے دوں نکالتا نہیں

Apr 23, 2024

عنبر ین فاطمہ

دل لگی، رانجھا رانجھا کردی،رقص بسمل اور نمک حرام جیسے ڈراموں میں کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے" عمران اشرف" نے نہایت قلیل عرصے میں ثابت کیا ہے کہ وہ ایک باصلاحیت فنکار ہیں۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ وہ  ٹی پروگراموں کے ایک بہترین میزبان بھی ہیں۔ عمران اشرف نے چھوٹی سکرین کے ساتھ بڑے پردے پر بھی اینٹری دی۔ شائقین نے انہیں ہر میڈیم پر ہر روپ میںپذیرائی دی۔ڈرامہ سیریل"نمک حرام" میں مرید کے کردار کو شائقین نے بی بے پسند کیا ہے۔ اِن دِنوں اداکار نجی ٹی وی سے ایک شو مذاق رات بھی ہوسٹ کررہے ہیں۔اس شو کی سوشل میڈیا پر دھوم ہے۔ نوائے وقت نے عمران اشرف سے خصوصی ملاقات کی، اس ملاقات میں ہونے والی باتیں نذر قارئین ہیں۔ 
   سوال: آپ ایک شو بھی ہوسٹ کرتے ہیں،اس میں لڑکیاں آپ سے محبت کا اظہار کررہی ہوتی ہیں تو کیسا محسوس کرتے ہیں کبھی سوچا تھا ایسا بھی ہو گا؟ 
جواب: ہم رات کو آٹھ بجے ہر اس گھر میں جاتے ہیں جہاں مردوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی، لوگ ہمیں اپنے گھر میں آنے کی اجازت دیتے ہیں، ہمیں عزت دیتے ہیں، اور جہاں تک لڑکیوں کی بات ہے تو میرے دل میں ان کے لئے ویسی ہی عزت ہے جیسی میں اپنے گھر میں اپنی بہنوںکی کرتا ہوں اور وہ لڑکیاں بھی مجھے اپنا فیملی ممبر سمجھ کر ہی پذیرائی دیتی ہیں۔ 
سوال: آپ نے اپنے شو میں ایک بچی سے بات کرنے کے لئے اس کو پاس بٹھانے سے پہلے اسکے والدین سے اجازت لی آپ کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سراہا گیا۔ایسا کرناکنٹرورسی نہ بن جائے اس لئے اس بات کا خیال رکھتے ہیںیا سوچ  رکھا ہے کہ کسی سے بھی بات کرنی ہے تو تمیز سے ہی کرنی ہے؟ 
عمران اشرف: میری زندگی میں جب سے شعور آیا ہے تب سی میںجہاں جس بھی محلے، گلی اور خاندان میںہوتا ہوں وہاں ایسی ہی تہذیب کا مظاہر ہ کرتا ہوں، اس تمیز اور تہذیب کا مظاہرہ تو میں سال ہا سال سے کرتا آرہا ہوں، بس شو میں یہ چیز ابھی نوٹس ہوئی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر آپ نے کسی کے بچے سے بات کرنی ہے تو پہلے ان کے والدین سے اجازت طلب کرنی چاہیے اور اگر کوئی ہوشمند ہے تو پھر اس سے اجازت لینی چاہیے۔ اور یہ اچھی بات ہے ہم سب کو ایسا ہی کرنا چاہیے۔  
سوال: ڈرامہ سیریل"نمک حرام" میں آپ کے کردار مرید کو بہت سراہا گیا، جب یہ کردار آپ کے پاس آیا تو کیا سوچ کر سائن کیا؟ 
عمران اشرف: ڈرامہ سیریل نمک حرام میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، اس ڈرامے کے لکھاری ہیں ثقلین عباس، انہوں نے مرید کا کردار لکھا ہی میرے لئے تھا، جب وہ مجھے جانتے بھی نہیں تھے تب بھی ان کے گھرپر میں ٹی وی میں کسی نہ کسی پراجیکٹ میںنظر آتا رہتا تھا، ان کی اہلیہ ان کے بچے سب مجھے دیکھ کر کہا کرتے تھے کہ مرید آ گیا، حالانکہ تب تک یہ فیصلہ نہیں ہوا تھا یہ ڈرامہ بننا ہے یا نہیں بننا یا کس چینل کو دیا جانا ہے۔ تو جب مجھے ثقلین عباس کے حوالے سے پتہ چلاکہ ان کی خواہش ہے کہ میں اس ڈرامے میںکام کروں اور مرید کا کردار لکھا ہی میرے لئے گیا ہے۔ توسوچیں جب مجھے پتہ چلے کہ کسی کومیرے ساتھ کام کرنے کی اتنی چاہ ہے،محبت ہے تو میری کیا مجال میں انکار کروں۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ لوگوں نے اس کردار کو بہت پذیرائی دی۔ میں بنیادی طور پر اپنے چاہنے والوں کے لئے کام کرتا ہوں اور جب تک وہ چاہیں گے کرتا رہوں گا۔ 
سوال: بھولا، مرید موسی کیا کہلوانا زیادہ اچھا لگتا ہے اور کس نام سے لوگ آپ کو زیادہ پکارتے ہیں؟ 
عمران اشرف: مجھے موسی بھی بہت سارے لوگ کہتے ہیں، بھولا اور دستگیر بھی کہتے ہیں، مرید بھی کہتے ہیں، مجھے میرے ہر کردار کے نام سے لوگ پکارتے ہیں اور مجھے اپنے چاہنے والوں کی طرف اس قسم کا پیار بہت اچھا لگتا ہے۔ اچھی اور خوشی کی بات یہ ہے کہ مذاق رات جو میں شو ہوسٹ کرتا ہوں،اس کے بعد جو لوگ مجھے نہیں بھی جانتے تھے میرے بارے میں آگاہی نہیں رکھتے تھے ان کو یہ پتہ چل گیا ہے کہ عمران اشرف بھی کوئی ہے۔ 
سوال:" ڈرامہ سیریل رانجھا رانجھا کردی "آپ کے دل کے کتنا قریب ہے؟ 
عمران اشرف: یہ ڈرامہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ کوئی بھی کردار جو میں کرتا ہوں، اس کے لئے ہاں کہتا ہوں تو سب سے پہلے اس کردار کو اپنے دل میں جگہ دیتا ہوں،پھر اس پر کام شروع کرتا ہوں، جس کو ایک بار دل میں جگہ دے دوںتو اس کو پھر دل سے نہیں نکالتا۔ 
سوال: اقراء عزیز، سارا خان و دیگر کے ساتھ آپ کی جوڑی کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے آپ کو کیا لگتا ہے کہ آپ کی جوڑی کس کے ساتھ زیادہ اچھی لگتی ہے؟ 
عمران اشرف: میں ہر اس اداکار کے ساتھ جچتا ہوں جو اچھی اداکاری کرتا ہے۔ اور لوگوں کی مہربانی کے وہ مجھے ہر کسی کے ساتھ سراہتے ہیں۔ 
سوال: آج کل جو اداکاری کررہے ہیں ان میںسے کس اداکار کی اداکاری سے بے حد متاثر ہیں؟ 
عمران اشرف:کوئی ایسا اداکار نہیں ہے جو لال بتی جلنے کی بعد اداکاری کرنا شروع ہوجائے۔جس میںاتناحوصلہ ہو کہ وہ اداکاری کر سکتا ہے، میں ہر اس اداکار کے حوصلے اور اعتماد سے متاثر ہوں۔ 

مزیدخبریں