اسلام آباد( خبرنگار خصوصی ) ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہاوٓسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ اور ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ان کا استقبال کیا۔ ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور وزیر خارجہ کے علاوہ کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے۔ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو وزیراعظم ہائوس آمد پر مسلح افواج کے دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پیر کو وزیراعظم ہائوس میں ایرانی صدر کی آمد پر باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر کا پرتپاک خیر مقدم کیا جس کے بعد انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایرانی صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایران کے صدر کے ساتھ تعارف کرایا گیا۔ ایرانی صدر نے اپنے وفد کے ارکان کو بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متعارف کرایا۔ ایرانی صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے ارتھ ڈے کی مناسبت سے پودا بھی لگایا۔ اس کے بعد پاکستان اور ایران نے تجارت اور مواصلاتی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے پیر کو وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ وزیراعظم ہائوس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ عام انتخابات کے بعد آپ پہلے سربراہِ مملکت ہیں جو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ایرانی صدر نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران انہوں نے تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کوششوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ علاقائی چیلنجوں کے حل کے لیے امن اور تعمیری بات چیت کے عزم کا اعادہ کیا۔
غز ہ کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ تورہے ، یواین قراردادوں کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں شہباز شریف
Apr 23, 2024