سٹاک مارکیٹ پہلی بار بلند ترین 71400 پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی

Apr 23, 2024

کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر گئی۔ کاروباری تیزی کے ساتھ مارکیٹ پہلی بار ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح71400پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 91ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 99کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ کاروباری تیزی سے 55.78فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ انٹر بینک میںگزشتہ روز روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بڑھ گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر278.40روپے پر بدستور برقرار رہی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 20پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قدر279.60روپے سے بڑھ کر279.80روپے ہو گئی۔ عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 3500 روپے کمی سے 2 لاکھ 48 ہزار 700 روپے کا ہو گیا۔

مزیدخبریں