راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) عید ایام میں بھاری تاوان کے لئے اغواء ہونے والے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رحمت اﷲ خان کی لاش سرائے خربوزہ سے برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آر رحمت اللہ خان کو 12 اپریل کو تھانہ آر اے بازار کے علاقے کمال آباد سے اغوا کیا گیا تھا۔ رحمت اللہ خان عید کے تیسرے روز دوستوں سے ملنے نکلا مگر واپس گھر نہیں لوٹا تھا۔ پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے سرکاری افسر کی رہائی کیلئے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ اغوا اور قتل میں ملوث چاروں ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔ ملزموں نے اسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آر کو قتل کر کے لاش سرائے خربوزہ میں دفن کر دی تھی۔ ملزموں کی شناخت وحید گل، صادق، محمد بہادر اور عبداللہ کے نام سے ہوئی۔ نعش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان مقتول کے دوست تھے اور ملزم صادق مقتول کا مالک مکان بھی تھا۔