شہباز شریف کی ایرانی صدر سے فارسی میں گفتگو‘ اشعار بھی پڑھے  جھلکیاں

Apr 23, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے فارسی میں گفتگو کی اور ایرانی شعراء کے پاکستان کے حوالے سے فارسی اشعار بھی پڑھے۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر فارسی زبان میں خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چشمِ ماہ روشن دلِ ما شاد، آپ کو دیکھ کر ہماری آنکھیں ٹھنڈی ہوئیں اور دل خوش ہوا۔ وزیر اعظم نے ایرانی صدر کو علامہ تقی بہار کے پاکستان کے بارے میں فارسی میں کلام ’’درود بر پاکستان‘‘ بھی پڑھ کر سنایا۔ ہمیشہ لطف خدا باد یارِ پاکستان، بہ کین مباد فلک باد یارِ پاکستان۔ پاکستان پر اللہ تعالی کا ہمیشہ فضل و کرم جاری رہے اور آسمان پاکستان سے کبھی ناراض نہ ہو۔ وزیرِاعظم نے ایرانی صدر سے گفتگو میں فارسی میں شعر بھی پڑھا جس میں ان کے دورہ پاکستان کا بھرپور خیرمقدم اور انہیں بار بار پاکستان آنے کی دعوت دی۔ وزیرِ اعظم کی فارسی میں گفتگو پر شرکاء کے چہروں پر مسکراہٹیں پھیل گئیں۔ ایرانی صدر و وفد وزیرِاعظم کے فارسی زبان پر عبور کو دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ شرکاء بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔

مزیدخبریں