ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی برطرفی کیخلاف ہائیکورٹ کا فریقین کو نوٹس 

Apr 23, 2024

لاہور، اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر، وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسو کی برطرفی کیخلاف درخواست پر وزیراعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری سمیت سٹیبلشمنٹ ڈویژن اور بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کے سیکرٹریز کو نوٹس جاری کر دیئے۔ گزشتہ روز جسٹس بابر ستار نے ڈی جی پاکستان سپورٹس کی برطرفی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ شعیب کھوسو کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی سپورٹس نوٹس کو غیر قانونی احکامات نہ ماننے کی پاداش میں عہدے سے ہٹایا گیا۔ ایسے عہدے سے ہٹایا جائیگا تو کوئی بھی آزادانہ کام نہیں کریگا۔ شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری آئی پی سی کے غیر قانونی احکامات کیخلاف ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کیا۔ ہائی کورٹ میں معاملہ لیجانے پر سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ نالاں تھے۔ جسٹس بابر ستار نے استفسار کہا کہ ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی کا طریقہ کار کیا ہے؟ جس پر وکیل شعیب شاہین نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ آرڈیننس 1962میں تعیناتی کا طریقہ کار واضح ہے۔، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ کی تعیناتی کی منظوری وزیراعظم دیتے ہیں۔عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 30اپریل تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں