وزارت داخلہ کے جواب پر عامر ڈوگر کی ای سی ایل  سے نام نکلوانے کی درخواست نمٹا دی 

Apr 23, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عامر ڈوگر کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست پر وزارت داخلہ کے جواب پر نمٹا دی۔ نو فلائی لسٹ میں نام نہیں۔
گزشتہ روز چیف جسٹس عامر فاروق نے عامر ڈوگر کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار عامر ڈوگر اپنے وکیل  سید علی بخاری ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت پیش ہوئے ، وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل احسن رضا اور وزارت داخلہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر عدالت پیش ہوئے ، چیف جسٹس نے عامر ڈوگر سے استفسار کیا کہ عامر صاحب آپ عمرے سے واپس آئے؟ جس پر عامر ڈوگر نے کہا کہ سر عمرے کی سعادت آپ کی بدولت حاصل کر لی۔ آپ کا شکریہ، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ جمعہ کے روز دیر سے آئی اسی لئے جمع نہیں کرا سکا۔ ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کا نام کسی بھی لسٹ میں شامل نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ایسی لسٹ کیوں بنا رہے ہیں، وہ عمرہ کر کے بھی آگئے ہیں ، درخواست گزار ایک سینئر سیاستدان ہیں وہ عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت داخلہ کی جانب سے عدالت میں بتایا گیا کہ کسی بھی نو فلائی لسٹ میں نام نہیں ہے ، عدالت نے عامر ڈوگر کی درخواست نمٹا دی۔

مزیدخبریں