اسلام آباد ( وقائع نگار ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو عزت کے علاوہ کچھ نہیں دے سکتے، جہاں پاکستان کی عزت اور وقار کی بات آئے گی، وہاں ہم سب متحد ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں ارکان کے اٹھائے گئے نکات پر ریمارکس دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ اس ایوان کے تمام ارکان میرے لئے یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ ایرانی صدر سے ملاقات کے وقت میں نے تمام جماعتوں کی نمائندگی یقینی بنائی، احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، بزنس ایڈوائزری میں بیٹھ کر تمام امور طے کرنے چاہئیں۔ قومی اسمبلی نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے پلاسٹک کے غیر ضروری اور بے جا استعمال کو انتہائی نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے سدباب کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان عالمی سطح پر منائے جانے والے ارتھ ڈے کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور یہ محسوس کرتا ہے کہ اس وقت ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اقدامات وقت کا اہم تقاضا ہیں۔ پلاسٹک کا بے جا اور غیر ضروری استعمال ماحولیاتی تحفظ کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے، یہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بنتاہے ۔ اس لئے یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ پلاسٹک کے غیر ضروری اور بے جا استعمال کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ سوالوںکے جواب دیتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر انتخابی عذرداریاں نمٹانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جس کو بھی الیکشن کے حوالے سے تحفظات ہیں وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ انہوں نے کہا کہ جو بربریت نارووال میں ہوئی اور ہمارے ایک سیاسی کارکن کو قتل کیا گیا، چوہدری پرویز الہی اپنے بھتیجے سے بھاری اکثریت سے ہارے ہیں اگر انہیں کوئی شکایت ہے تو متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آرٹیکل 219 کا تقاضا ہے کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ انتخابات صاف شفاف اور منصفانہ کرائے جائیں۔ ہمیں ریٹر ننگ افسر کے پاس نہیں جانے دیا گیا اس معاملے کی چھان بین کی جائے اور رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔عمر ایوب نے کہا اتوار کے روز انتخابات میں ہمارے امیدواروں کو پنجاب پولیس نے ڈھائی گھنٹے روکا گیا۔ سپیکر صاحب آئین کا تحفظ کریں‘ ہمارا راستہ کیوں روکا گیا۔ ضمنی انتخاب دھاندلی شدہ تھے۔ پی ٹی آئی رکن عامر ڈوگر نے اسمبلی خطاب میں کہا کہ غزہ معاملے پر ہمارے حکمران کہاں ہیں۔ حکومت نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی معطلی کا فیصلہ واپس لینے کی حمایت کر دی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں تحریک پیش کی کہ جن دو ازاد اراکین کو معطل کیا گیا تھا ان کو بحال کیا جائے۔ اس پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 2 آزاد اراکین کی معطلی ختم کر دی۔
قومی اسمبلی پاکستان کے وقار کی بات ؤئیگی تو ہم سب متحد ہیں سپیکر
Apr 23, 2024