فیصل آباد؍ لاہور (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) چک 97 ر ب میں پلاسٹک فیکٹری سے بجلی چوری پکڑی گئی، مالک طارق محمود پر مقدمہ درج کرا دیا۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) حکام نے راوی سائفن کے علاقے میں کارروائی کے دوران فارم ہائوس پر بجلی کی چوری پکڑ لی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ ایکسئین شالیمار کی زیر نگرانی راوی سائفن کے علاقے میں بھی آپریشن کیا گیا۔ ملزم لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، چوری کی بجلی ٹیوب ویل کو سپلائی کی جا رہی تھی۔ لیسکو حکام نے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی تاریں قبضے میں لے کر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے جبکہ ڈٹیکشن بل چارج کرنے کے لئے بھی محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے کہا بجلی چور قومی مجرم ہیں، بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک انسداد بجلی چوری مہم جاری رہے گی۔ فیسکو ریجن میں ڈیفالٹر ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ فیسکو بنڈالہ سب ڈویژن کی سپیشل ٹاسک فورس نے پلاسٹک فیکٹری میں ہونے والی بجلی چوری کی واردات پکڑ لی اور فیکٹری مالک کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ڈی او فیسکو بنڈالہ سب ڈویژن اکمل حسین نے اپنی ٹیم محمد نثار ایم ایس ٹو، رمضان جمال لائن مین ون، شکیل افضل اے ایل ایم ہمراہ محمد بختیار T.A ایم اینڈ ٹی اور ایف آئی کی ٹیم کے ہمراہ چک نمبر 97 رب اڈا جوہل پر پلاسٹک فیکٹری کا میٹر چیک کیا تو موقع پر صارف طارق محمود ٹرانسفارمر سے ایل ٹی TOUمیٹر کو آنے والی ان کمنگ کیبل کے تینوں فیزوں بمعہ نیوٹرل سے ڈائر یکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کا مرتکب پایا گیا۔