شاعر مشرق مسلم امہ کو گفتار کی بجائے کردار کا غازی بنانے کے خواہاں،جسٹس (ر)سہیل ناصر

Apr 23, 2024

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو کے ڈپٹی چیئرمین جسٹس (ر)سہیل ناصرنے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال مسلم امہ کو عین قرآنی تعلیمات کے مطابق گفتار کی بجائے کردار کا غازی بنانے پر زور دیتے ہیں۔وہ عمل کی راہ دکھا کر یہ بھی بتا رہے ہیں کہ اس کا منبع قرآن حکیم ہے۔کمزوریوں یا بے عملی کو تسلیم کرکے عمل اور اس کا طریقہ اقبال کی شاعری میں بدرجہ اتم موجود ہے. انہو ں نے ان خیالات کا اظہار یوم اقبال کے موقع پر جناح اقبال ساتھ ایشئین فورم کے زیر اہتمام فکر اقبال کی ترویج کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب ہوئے کیا. اس موقع پر معروف سکالر اور مترجم امتیاز احمد مدنی، جو تقریب کی صدارت کر رہے تھے،کا ترجمہ کردہ قرآن مجید اور سیرت النبی ؐ پر لکھی کتابیں بھی حاضرین میں تقسیم کی گئیں۔جناح اقبال سکول اصغر مال راولپنڈی میں منعقد ہ اس تقریب کے میزبان، جناح اقبال فورم کے چیئرمین رانا عبدالباقی،سجاد اکبر عباسی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، ارسلان اکبر عباسی، ڈاکٹر صباحت اور دیگر معززین موجود تھے۔رانا عبدالباقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے اسلام کی موثر تبلیغ کی اور قرآن و سنت کی تعلیمات میں گوندھا ہوا خودی کا فلسفہ دیا. انہوں نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے کلام سے اشعار سنا کر حاضرین سے کہا کہ وہ اقبال کی فکر ی راہنمائی پر خود بھی عمل کریں اور اس کو عام کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں. امتیاز احمد مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھا جائے تو ہماری زندگیوں میں تبدیلی رونما ہوں گی ۔قرآن حکیم کا اردو اور انگریزی ترجمہ کرنے کے علاوہ سیرت نبی ؐپر کتاب لکھنا ایک بہت بڑی سعادت ہے

مزیدخبریں