فتح جنگ(نامہ نگار)پیپلزیوتھ آرگنائزیشن (پی وائی او)ضلع اٹک کے صدر ملک محفوظ منگیال نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بقا جمہوری اداروں کے استحکام آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کی ہے جب بھی پیپلزپارٹی کو اقتدار ملا غریب پسے ہوئے مظلوم طبقات کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے ہمارے قائد صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نے جمہوریت کے تسلسل اور جمہوری نظام کو بچانے کیلئے حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے مہنگائی بے روزگاری پر قابو پانے اور امن و امان کو بحال کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے انھوں نے کہا کہ پی وائی او پاکستان پیپلزپارٹی کا ہراول دستہ ہے یوتھ کے کارکنوں نے پارٹی کی مضبوطی پارٹی کو منظم و مستحکم بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار اداکیا ہے انھوں نے کہا کہ پی وائی او ضلع اٹک میں پوری طرح متحد ہے ان شا اللہ جلد ہی پورے ضلع کا دورہ کر کے تنظیم سازی کے کام کو مکمل کیا جائے گا اور یوتھ کی تنظیم کی یونین کونسل سطح تک تنظیم سازی کر کے نوجوانوں کو پارٹی میں متحرک کرینگے۔