مٹھیال (نامہ نگار)کتاب روشنی کا ایسا مینار ہے جو انسان کا مقدر بدلتی ہے۔ اللہ تعالی نے جب انبیا بھیجے تو ساتھ کتابیں اور صحائف بھی بھیجے جن میں دستور، قانون اور زندگی گزارنے کے طریقے درج تھے۔ انہی طریقوں پر چلتے ہوئے انسان نے اپنا سفر غاروں اور جنگلوں سے شروع کیا اور وہ چاند اور مریخ تک پہنچا۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے نامور شاعر، ادیب، محقق اور مصنف ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کالی ڈلی میں لائبریری کے افتتاح اور ادارے کے سالانہ یوم والدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے علاقہ کے اساتذہ کی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ عبدالرحمن پنڈی سرہالوی، ڈاکٹر غلام جیلانی برق، غلام ربانی عزیز، مولوی نورالحق علوی اور ڈاکٹر سعداللہ کلیم کا تعلق اسی علاقے سے تھا اور وہ اپنے وقت کے بہترین استاد تھے۔ انہوں نے رئیس مدرسہ، اساتذہ، طلبا اور معززین علاقہ کی تعریف کی۔ رئیس مدرسہ عبدالمالک خان نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو سکول داخل کرائیں اور سکول میں بننے والی لائبریری سے استفادہ کریں۔ پروگرام کے آخر پر سرمد حسن، آمنہ ارشد، ملک نور محمد، حاجی محمد ارشد، حاجی محمد اسحاق، سردار عجب خان اور ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد نے رئیس مدرسہ کے ہمراہ طلبا میں انعامات تقسیم کیے۔