گوجر خان ( نامہ نگار)فکشن ہاؤس گوجرخان میں گوجر خان ٹی ہاؤس کے زیر اہتمام شاعر،محقق اور صحافی فیصل عرفان کی مرتب کردہ پوٹھوہاری لوک گیتوں کی کتاب’’ہوشے‘‘کی تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا،فکشن ہاؤس گوجرخان کے بانی حکیم عبدالرؤف کیانی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور فکشن ہاؤس کے اغراض ومقاصد سے حاضرین کو آگاہ کیا،اس موقع پر نامور پوٹھوہاری محقق،شاعر اور ماہر لسانیات یاسر کیانی نے صاحب کتاب کے فن وشخصیت پر اپناپوٹھوہاری مضمون ’’فیصل عرفان ناں اوخا تے بانکا کم ‘‘پیش کیا،مبین مرزانے خوبصورت میزبانی کیساتھ ساتھ معروف شاعر شکور احسن کی عدم موجودگی کے باعث انکا لکھا ہوا مضمون’’فیصل عرفان کی ہوشے پوٹھوہاریوں کیلئے نایاب تحفہ‘‘ پڑھ کر سنایا،تقریب کے دوسرے سیشن میں شیراز اختر مغل،عادل سلطان خاکی اور یاسر کیانی نے ’’ہوشے‘‘میں موجود چند پوٹھوہاری لوک گیت سُر اور لے کیساتھ سنا کر شرکاء سے خوب داد سمیٹی ۔مبین مرزا نے کتاب کا خوبصورت سرورق بنانے پرمعروف مصور اور خطاط عبدالرحمن تابانی کو بھی سراہا ،تقریب کے شرکاء میں معروف فلسفی اور دانشور بشارت محمود میرزا،یاسر کیانی ،ارشد انجم ایڈوکیٹ،حکیم عبدالر ؤ ف کیانی ،سعادت علی نگیال ،مبین مرزا،ننھا سامع احمد،عبدالرحمن تابانی ،پیپلز پارٹی ناروے کے رہنماء اصغر علی شاہد،شبیر بھٹی آف بھارہ کہو،ترقی پسند رہنماء محمد فہیم ذوالفقار، صحافی اور سماجی کارکن نوید مرزا ،ماہر نقاش محمدشبیرودیگرشامل تھے ۔