اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں نے متحدہ علما کونسل کے 26 اپریل کو یوم مطالبات و استغفار منانے کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کو موجودہ ابتر صورتحال سے نکالنے کیلئے اتحاد و یکجہتی، شاہ خرچیوں سے اجتناب،اسلامی تعلیمات پر مکمل عمل اور اجتماعی توبہ و استغفار کی اشد ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا مفتی محمد رویس خان ایوبی، جنرل سیکرٹری مولانا زاہد الراشدی، نائب امیر اول مولاناعبدالقیوم حقانی، نائب امیر دوم مولاناعبدالرزاق، نائب امیر سوم مولانا رشید احمد درخواستی، سیکرٹری اطلاعات مولانا عبدالرف محمدی،مولانا ثنا اللہ غالب، مولانا حافظ علی محی الدین اور دیگر نے اپنے ایک بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے اور سودی نظام سے چھٹکارا پانے کے سوا ملکی معیشت کی بحالی کا کوئی راستہ نہیں، حکمرانوں کو ملک و قوم کی حالت پر رحم کرتے ہوئے اس ضمن میں سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان شریعت کونسل کے رہنماں نے ملک بھر میں موجود اپنے اراکین سے کہا کہ وہ جمعہ کے دن اپنے خطبات اور عوامی اجتماعات میں متفقہ دینی مطالبات ایک بار پھر دہرائیں اور عوام کو توبہ و استغفار کی تلقین کرتے ہوئے ملک و قوم کی بحرانوں سے نجات کے لئے خصوصی دعاں کا اہتمام کریں،انہوں نے کہا کہ متحدہ علما کونسل نے جمعہ کو یوم مطالبات و استغفار منانے کا بہترین اور بروقت فیصلہ کیا ہے جس کی ہم بھرپور تائید کرتے ہیں۔
شریعت کونسل کی متحدہ علما کونسل کے یوم مطالبات و استغفار منانے کے فیصلے کی تائید
Apr 23, 2024