اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت )پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عوام نے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے جھوٹ،نفرت،انتشار اور منفی سیاست پر مبنی سیاست کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ٹیم ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے سرگرم عمل ہے، حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کے باعث سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلی سطحی وفد کے بعد ایرانی صدر ابراہم ریئسی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں،ملک کی تعمیر و ترقی پاکستان مسلم لیگ کا خواب ہے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر کے خطاب کے دوران اپوزیشن نے غیر سنجیدہ رویہ اپنایا جو کہ انتہائی شرمناک ہے، پی ٹی آئی کی سیاست میںدوبارہ کوئی جگہ نظر نہیں آرہی ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں گیارہ نشستیں جیت کرکلین سوئپ کرتے ہوئے واضح کامیابی حاصل کی ہے،پولنگ مجموعی طور پر پرامن اور صاف و شفاف رہی،مسلم لیگ ن کی واضح کامیابی اس پر عوامی اعتماد کا اظہارہے۔