اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ نے روز ٹیکس دہندگان کے مسائل سننے اور اْن کے فوری حل کیلئے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ای کچہری کا انعقاد کیا۔ای کچہری ٹیکس دہندگان کو اپنے مسائل براہ راست چیئرمین ایف بی آر تک پہنچانے اور ٹیکس سے متعلق خدمات کے حوالے سے اپنی تجاویز دینے کا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان سے براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کیں اور اْن کی شکایات اور تجاویز سنیں۔چیئرمین نے ٹیکس دہندگان کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے لئے متعلقہ دفاتر کو موقع پر ہی ہدایات دیں۔اْنہوں نے ٹیکس دہندگان کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ ٹیکس کے حوالے سے اپنے مسائل کے حل کے لئے قریبی ریجنل ٹیکس آفس کا دورہ کریں۔چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی طرف سے دی گئی تجاویز کو سراہا اوراْنہیں یقین دلایا کہ اْن کی قیمتی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔