”میڈیا سٹڈیز سنٹر“ کے قیام کا اعلان مستحسن اقدام، منفی مواد کا جواب دیا جا سکے گا

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام گذشتہ دنوں ”ایوان قائداعظمؒ“ کے تعمیراتی کام کے آغاز کے موقع پر پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی تجویز پر پاکستان مخالف قوتوں کے بے بنیاد پروپیگنڈا کا منہ توڑ جواب دینے کی غرض سے وزارت اطلاعات و نشریات کو ”میڈیا سٹڈیز سینٹر“ کے قیام کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہاکہ میڈیا سینٹر کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ واضح رہے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے عہدیداروں نے کئی برس پہلے تجویز دی تھی کہ پاکستان مخالف پراپیگنڈا کا مﺅثر جواب دینے کیلئے میڈیا سٹڈیز سینٹر قائم کرنا چاہئے کیونکہ ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں پر شدید حملے ہو رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں دشمنوں کے ناپاک ارادوں اور کوششوں کو روکنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کرتے ہوئے نظریہ پاکستان کے محافظ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیرانتظام ”میڈیا سٹڈیز سینٹر“ کے قیام کا اعلان مستحسن اقدام ہے۔ اس میڈیا سینٹر کے قیام کا مقصد اندرون و بیرون ملک شائع ہونے والے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی خبروں کا تجزیہ کرنا اور پاکستان کے بارے میں منفی باتوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مناسب اور عملی اقدامات کرنا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ویب سائٹس کو مانیٹر کرکے وہاں موجود پاکستان کے بارے میں منفی مواد کا بھرپور جواب اور موثر ویب سائٹ کا اجرا کیا جائے گا۔ یہ میڈیا سینٹر انٹرنیٹ کے ذریعے عالمی اداروں اور یونیورسٹیوں سے رابطہ قائم کرنے کے علاوہ قومی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو خبریں اور مضامین فیڈ کرے گا۔
میڈیا سٹڈیز سنٹر

ای پیپر دی نیشن