بی اے کے نتائج نے ثابت کر دیا پنجاب میں معیار تعلیم گر رہا ہے: ق لیگ

بی اے کے نتائج نے ثابت کر دیا پنجاب میں معیار تعلیم گر رہا ہے: ق لیگ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ق لیگ پنجاب کے ارکان صوبائی اسمبلی نے بی اے کے ناقص امتحانی نتائج پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نتائج سے ثابت ہو گیا کہ پنجاب میں تعلیمی معیار گر رہا ہے اور لیپ ٹاپ اور سولر لیمپ کے ذریعے معیار تعلیم بہتر کرنے کی سوچ غلط ثابت ہو گئی ، ق لیگ پنجاب کے ارکان صوبائی اسمبلی عامر سلطان چیمہ ، سردار وقاص حسن موکل اور باسمہ ریاض چوہدری نے پنجاب اسمبلی میں بی اے کے ناقص نتائج پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرواتے ہوئے کہا کہ یہی پیسہ اگر تعلیمی معیار بہتر کرنے ، بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور اساتذہ کی کمی دور کرنے پر خرچ کیا جاتا تو نتائج اس قدر افسوسناک نہ ہوتے ۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ کالجز کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لینا از حد ضروری ہے۔ یہ قوم کے خوشحال مستقبل کا ایشو ہے اس سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا اور اس امر پر بحث ناگزیر ہے کہ بی اے / بی ایس سی کی سطح پر سرکاری کالجز کی کارکردگی ناقص کیوں ہے ؟
ق لیگ

ای پیپر دی نیشن