شام میں قتل عام افسوسناک، عالمی برادری فوری نوٹس لے: منور حسن

شام میں قتل عام افسوسناک، عالمی برادری فوری نوٹس لے: منور حسن

Aug 23, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے شام میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرکے معصوم بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کے قتل عام پر رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے کہا ہے کہ اس قتل عا م پر عالمی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ کسی طرف سے کوئی مذمت اس ظلم اور انسانیت کشی پر کوئی آواز بلند نہیں کی گئی۔ انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور سلامتی کونسل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ عالم اسلام کے حکمران بھی اس قتل عام اور ظلم کو رکوانے کیلئے کردار ادا نہیں کر رہے۔ عرب لیگ اور او آئی سی بھی خاموش ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اپنا کردار ادا کرے۔ عالم اسلام اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں کے ذریعے قتل عام کا فوری نوٹس لے، اسے رکوانے کی بھر پور کوشش کرے۔ پاکستان فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ انہوں نے مصری حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی ان خبروں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیاکہ منتخب صدر محمد مرسی نے خودکشی کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا صدر مرسی جیسا صاحب ایمان خود کشی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ السیسی انتظامیہ کی طرف سے خودکشی کی خبریں پھیلانا خطرے کی گھنٹی ہے ان خبروں سے منتخب صدر کے بارے میں السیسی انتظامیہ کے ناپاک ارادے ظاہر ہور ہے ہیں۔ تمام بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ ہزاروں افراد کے قاتل مصری اور شامی حکمرانوں پر جرائم کی عالمی عدالت میں مقدمات چلائے جائیں۔ انہوں نے ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ جگہ جگہ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں جن کے پاس خوراک اور پانی سمیت اشیائے ضرورت کی شدید قلت ہے جبکہ حکومت کی طرف سے متاثرین کی مدد کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جا رہے۔ بھارت کی طرف سے دریاﺅں میں چھوڑے گئے پانی نے ملک بھر میں تباہی مچادی ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت نے کوئی پیشگی اقدامات نہیں کئے۔
منور حسن

مزیدخبریں