حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے کیپٹن حافظ سرفراز خاں کو فوجی اعزازات کے ساتھ آبائی گاو¿ں جوریاں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ گورنمنٹ ہائی سکول کی گراو¿نڈ میں ادا کی گئی۔ جس میں بریگیڈئیر آفتا ب احمد ، کرنل علمدار، ریٹائرڈ لیفٹینٹ جنرل غلام مصطفی، کرنل عبادت حسین، ڈی سی او حافظ آباد منصور قادر ،آزاد کشمیر اسمبلی کے ایم ایل اے چوہدری اسماعیل گجر سمیت فوجی افسران اور علاقہ بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کیپٹن حافظ سرفراز خاں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہیں تمام فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ بریگیڈئیر آفتاب احمد نے صدر مملکت ، چیف آف آرمی سٹاف ، جائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ، چیف ایگزیکٹو محمد ہارون کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائیں گئیں۔ نماز جنازہ شہید سرفراز خاں کے والد ریٹائرڈ صوبیدار میجر منصب علی نے پڑھائی۔ شہید کیپٹن حافظ سرفراز کا جسدخاکی جب ان کے آبائی گاو¿ں لایا گیا تو لوگوں نے ان پر کئی من پھول نچھاور کئے اور نوجوانوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر شہید کیپٹن حافظ سرفراز خاں کے والد منصب علی کا کہنا تھا کہ اُسے فخر ہے کہ اس کے بیٹے نے پاکستان اور اسلام کے لئے جان دی۔ میرے اور بھی بیٹے ہوتے تو میں انہیں بھی ملک کے لئے قربان کرنا اپنے لئے اعزاز سمجھتا۔ شہید حافظ کیپٹن سرفراز خاں کے بھائیوں ہمایوں خاں اور خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بھائی کی شہادت پر فخر ہے کہ اس نے وطن کے لئے جان دی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے۔ شہریوں نے ڈی سی او حافظ آباد سے حافظ آباد جوریاں روڈ کا نام شہید کیپٹن سرفراز خاں کے نام سے منسوب کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
کیپٹن / سپرد خاک