یوتھ اولمپکس گیمز ۔۔۔۔۔پاکستانی ہاکی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری

Aug 23, 2014

سپورٹس رپورٹر
یوتھ اولمپکس گیمز 2014ءکے مقابلے ان دنوں چین کے شہر ننجنگ میں جاری ہیں‘ پاکستان ان گیمز کے چار ایونٹ میں شریک ہے جس میں ہاکی‘ سوئمنگ‘ ویٹ لفٹنگ اور شوٹنگ شامل ہیں ہاکی ٹیم نے انڈر 16 ایشیا کپ جیت کر یوتھ اولمپکس کےلئے براہ راست کوالیفائی کیا تھا جبکہ شوٹنگ اور ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں پاکستان ٹیم کو کوٹہ کی بنا پر کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے۔ سوئمنگ کے ایونٹ میں پاکستان کے حارث بانڈے نے کوالیفائی کر رکھا ہے، ہاکی کے ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی شاندار کارکردگی کاسلسلہ جاری ہے ابتدائی مرحلے کے کھیلے جانے والے چار میچز میںسے تین میں کامیابی اور ایک میچ برابر کھیل کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر رکھی ہے۔ جہاں اس کا مقابلہ آج کینیڈا سے ہو گا میگا ایونٹ میں قومی ہاکی ٹیم نے پہلا میچ میکسیکو کے خلاف کھیلا جس میں 6-2 سے کامیابی اس کا مقدر بنی اس میچ میں پاکستان کی طرف سے شان ارشاد نے دو جبکہ محمد عتیق‘ مبشر علی‘ اظہر یعقوب اور بلال محمود نے ایک ایک گول سکور کیا۔ قومی یوتھ ٹیم کا دوسرا ٹاکرا جرمنی سے ہوا۔ اس میچ میں بھی قومی ٹیم نے 6-2 سے کامیابی اپنے نام کی جرمنی کے خلاف مبشر علی نے 2 جبکہ محمد عتیق‘ شان ارشاد‘ بلال محمود اور نوہیز ملک نے ایک ایک گول سکور کیا۔ قومی ٹیم نے تیسرے میچ میں زممبیبیا کو 9-2 کے سکور سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلنے کےلئے اپنی راہ ہموار کی محمد عتیق ‘ نوہیز ملک نے تین تین جبکہ جنید کمال‘ بلال محمود اور مبشر علی کے حصے میں ایک ایک گول آیا۔ مسلسل تین کامیابیوں کے بعد چوتھے میچ پاکستان یوتھ ٹیم کا ٹاکرا پول بی کی سخت ٹیم کے ساتھ ہوا۔ اس میچ میں ابتدائی طور پر پاکستان کو خسارے کا سامنا تھا۔ تاہم ٹیم منیجمنٹ طاہر زمان اور محمد علی کے بہتر گیم پلان کی وجہ سے نوجوان کھلاڑیوں نے کم بیک کیا اور میچ کا اختتام چھ چھ گول کی برابری پر کیا۔ ابتدائی راﺅنڈ ختم ہونے پر پاکستان ٹیم نے گروپ بی میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ بہتر گول اوسط پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ پاکستان ٹیم نے چار میچوں میں مجموعی طور پر 27 گول کئے جبکہ اس کے خلاف 12 گول ہوئے گروپ اے میں سپین کی ٹیم خطرناک دکھائی دے رہی ہے جس نے اپنے پول میں چاروں‘ میچوں میں کامیابی حاصل کر کے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان ٹیم کی کوارٹر فائنل میں اگر کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ سپین سے ہو گا جو کہ ٹورنامنٹ کی سب سے خطرناک ٹیم ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زمان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ کی ہمارے ملک میں ہاکی نہیں ہوتی۔ اس کے باوجود نوجوان کھلاڑیوںنے گیم پلان کے تحت کھیل پیش کیا اور ابتدائی راﺅنڈ سے اگلے مرحلے میں پہنچے ہیں۔ کینیڈا کی ٹیم کو آسان قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ اس نے اپنے پول میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ نوجوان کھلاڑی پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور انشااﷲ کامیابی ان کا مقدر بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فائیو اے سائیڈ کا ٹورنامنٹ فٹنس پر منحصر ہے ہم نے ٹورنامنٹ میں شرکت سے قبل تربیتی کیمپ میں فزیکل فٹنس پر بھرپور توجہ دی تھی۔ اس کا نتیجہ ہے کہ ہم ابتدائی میچز میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ طاہر زمان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ دوسرے معاون کوچ محمد علی بھی کھلاڑیوں پر محنت کر رہے ہیں ہماری کوشش ہو گی کہ وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کریں اس کے لئے اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ یوتھ ایشیا کپ میں ہمارے کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا تھا میں توقع کرتا ہوں کہ یوتھ اولمپکس میں بھی کھلاڑی امیدوں پر پورا اتریں گے ویسے ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے ہم صرف اور صرف جیت کے لئے میدان میں اتریں گے۔ قوم کھلاڑیوں کے لئے دعا کرے۔ دوسری جانب شوٹنگ کے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی جویریہ شفقت نے انفرادی 10 میٹر ائرپسٹل ایونٹ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کوالیفائنگ راﺅنڈ میں شریک 20 کھلاڑیوں میں آخری نمبر پر رہی ہیں۔ جبکہ میکسڈ ٹیم ایونٹ کا مقابلہ ابھی ہونا باقی تھا۔ سوئمنگ اور ویٹ لفٹنگ کے مقابلے ابھی ہونا باقی تھے۔ سوئمنگ میں حارث بانڈے جبکہ ویٹ لیفٹنگ میں عبدالرحمان پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں