غیر آئینی مطالبات عمران کو سیاسی خودکشی کے راستے پر لے جائیں گے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنے موقف کی صداقت پر یقین رکھنے والے سیاستدان گالی گلوچ سے کام نہیں لیتے۔ کاش عمران خان لانگ مارچ میں ٹی وی چینلز کے سامنے ناشائستہ، غیر مہذب اور اخلاقیات سے گرے ہوئے الفاظ استعمال نہ کرتے۔ میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ سیاست میں ترش روی اور شعلہ بیانی معمول کی باتیں ہیں مگر پاکستان کی تاریخ میں کسی سیاستدان کی طرف سے پہلی مرتبہ سرعام ایسی ناگفتی باتیں کی گئی ہیں۔ عمران خان نے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے قابلِ احترام عوامی نمائندوں کے حوالے سے جو الفاظ ادا کئے انہیں کوئی شریف آدمی دوہرا بھی نہیں سکتا۔ اس سوال پر کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ الیکشن مہم کے دوران آپ بھی مخالفین کے بارے میں ایسی زبان استعمال کرتے رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیاسی جلسوں میں تو کیا میں نے اپنی عام زندگی میں بھی ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے۔ سیاسی القابات یا مخالفین کے بارے میں سخت الفاظ کا استعمال اور بات ہے اور فحش اور غیر مہذب الفاظ کا استعمال ایک بالکل دوسری بات ہے۔ عمران خان خود کو نوجوان نسل کا رول ماڈل کہتے ہیں لیکن انہوں نے ان الفاظ کے استعمال کے ذریعے نوجوانوں کوکیا پیغام دیا ہے؟ محمد شہباز شریف نے کہا کہ میرا وجدان کہتا ہے کہ عمران خان اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذکورہ الفاظ واپس لے لیں گے۔ حکومت نیک نیتی کے ساتھ معاملات کو حل کرنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے۔ مسائل کا حل بامقصد گفت و شنید سے چاہتے ہیں۔ حکومت نے ہر قدم پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور آئندہ بھی کرے گی۔ پوری قوم جان چکی ہے کہ مذاکرات سے انکار کون کر رہا ہے؟ ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان شاہراہ دستور پردستور کی دھجیاں بکھیرنا چاہتے ہیں۔ غیرآئینی مطالبات عمران خان کو سیاسی خودکشی کے راستے پر لے جائیں گے۔ عمران خان ’’نوبال‘‘ پر آئوٹ چاہتے ہیں لیکن اب ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ افسوس کی بات ہے کہ عمران خان اچھے سیاستدان تو کیا اچھے سپورٹس مین بھی ثابت نہیں ہوئے۔ ناعاقبت اندیش عناصر صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک و قوم کی قسمت کو دائو پر لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قوم ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ پاکستان کے محب وطن عوام نے بے وقت کے لانگ مارچ اور نام نہاد انقلاب کا ساتھ نہیں دیا۔ نواز شریف کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے اور وہ عوام کی تائید سے پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے وزیراعظم پر بے بنیاد الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور غیر شائستہ زبان استعمال کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...