لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلیٰ حکام نے قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ رواں سال کئی دورے نہ کرکے ایک مثال قائم کردی۔ دوروں پر آنے والے اخراجات سے بچنے والی رقم قومی کھیل کی بہتری کے منصوبوں پر خرچ کی جارہی ہے۔ رواں سال چوتھی بار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر قومی ہاکی ٹیم کے بیرون ملک دورہ میں ٹیم کے ساتھ نہیں گئے جبکہ اس سے قبل پی ایچ ایف کے صدر قاسم ضیاءاور آصف باجوہ ہر غےر ملکی دورہ پر ٹیم کے ساتھ جاتے تھے تاکہ بھاری ٹی اے، ڈی اے حاصل کیا جاسکے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ پی ایچ ایف کے حکام دنیا کی دیگر ہاکی فیڈریشنوں کے حکام کے ساتھ ہونے والی ہاکی کے معاملات کے بارے میں ہونے والی اہم میٹنگز میں شرکت کے علاوہ بیرون ملک دورہ نہیں کرتے۔ماضی میں ہاکی کے سابقہ حکام کا قومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیم کے ساتھ دورہ کرنا معمول تھا لیکن ہاکی کے موجودہ حکام نے اس روایت کو بدل دیا جس پر بیرون ملک ہوٹلز اورسفر کے دوران بہت پیسہ خرچ ہوتا تھا۔پی ایچ ایف کے صدر نے کہا کہ فنڈز کو بچانا ان کا اہم مقصد ہے جس کی وجہ سے ہاکی کے ٹاپ آیشلز ٹیم کے ساتھ بیرون ممالک کے دورے نہیں کر رہے۔ پی ایچ ایف کے حکام نے گزشتہ روز جونیئر ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلہ میں یورپ کے دورہ کے لئے روانہ ہونے والی قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ساتھ بھی بیرون ملک جانے سے گریز کیا۔