لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان ٹیم کی کامیابیوں کا کردار سب کو جاتا ہے مصباح الحق ان میں نمایاں ہیں مصباح الحق نے مشکل وقت میں ٹیم کی قیادت سنبھالی۔ انہوں نے ذاتی کارکردگی سے بھی کھلاڑیوں کے لئے مثال قائم کی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا یہ پاکستان ٹیم کا اعزاز ہے تمام کھلاڑی اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ٹیسٹ لیگ سپنر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے گزشتہ چند برس میں بہترین کرکٹ کھیلی ہے اپنے ملک میں کرکٹ نہیں ہو رہی لیکن اسکے باوجود ہم درجہ بندی میں نمبر ون بنے ہیں۔ ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم اس اعزاز پر مبارکباد کی مستحق ہیں چند برسوں میں مصباح الحق نے جس انداز سے ٹیم کی قیادت کی ہے اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی مسلسل عمدہ کارکردگی کی بدولت دنیا کی نمبر ون ٹیم بنی ہے۔ یہ پاکستان کے لئے ایک اعزاز ہے مصباح الحق اس اعزاز میں سب سے نمایاں کردار ہیں ۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے رکن عامر نذیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آنا واقعی بڑی کامیابی ہے ہم اپنے ملک میں کرکٹ نہیں کھیل رہے لیکن اسکے باوجود ہم دنیا کی نمبر ون ٹیم ہیں۔ یونس خان، سعید اجمل،محمد حفیظ، ذوالفقار بابر، یاسر شاہ، محسن خان، وقار یونس اور انفرادی طور پر کئی اور کرکٹرز کا بھی اس کامیابی میں نمایاں ہاتھ ہے۔پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں اور اسکا سب سے زیادہ کریڈٹ مصباح الحق کو جاتا ہے ۔بحیثیت کپتان انہوں نے اپنی کارکردگی سے مشکل وقت میں کئی کامیابیوں میں نمایاں کردار نبھایا۔
ٹیم کے نمبرون بننے پر تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ‘ مصباح کا کردار مثالی رہا : سابق کرکٹرز
Aug 23, 2016