اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ نے تمام وفاقی اور صوبائی اداورں کو دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پرجائزہ کمیٹی کا اجلاس ناصر جنجوعہ کی زیرصدارت ہوا۔ جس میں وزارت داخلہ، خارجہ، اطلاعات و نشریات اور پیمرا سمیت ٹیلی کام اتھارٹی کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرکا کو بلوچستان میں جاری دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت پر بریفنگ دی گئی‘ بلوچستان میں دہشت گردوں کی وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیموں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے متعلقہ حکام نے کمیٹی کو اپنے اپنے ادارے کی جانب سے کئے جانے والے اب تک کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حکام نے کمیٹی کو بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں قائم مدارس کی بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پلان کے 20 میں سے 8 نکات پر پیشرفت انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ آٹھ نکات میں کالعدم تنظیموں کا دوسرے ناموں سے کام کرنے کا معاملہ شامل ہے۔ دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے جانے کے بارے میں غور کیا گیا۔ چاروں صوبوں میں انسداد دہشت گردی فورس بنانے میں تاخیر کے معاملے پر غور کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر غور کیا گیا۔ عملدرآمد کمیٹی نے رکاوٹیں دور کرنے کی تجاویز تیار کیں صوبوں‘ اداروں اور محکموں کے لئے عملدرآمد کے لئے ٹائم لائن مقررکرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا یہ تجاویز آج وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں گرمی سلامتی تجاویز پر بریفنگ دیں گے ناصر جنجوعہ نے کہا کہ ایکشن پلان کو موثر طور پر لیکر جائیں گے نی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار میں یکایک تیزی آگئی ہے۔ آج سول ملٹری قیادت اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر بھی شریک ہونگے۔ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان متفقہ ہے اس پر عملدرآمد سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم کی صدارت میں فاٹا اصلاحات کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ وزیراعظم نے مشیر خارجہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی۔کمیٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشورہ کے بعد بعض سفارشات تیار کی تھیں جن پر آج کے اجلاس میں غور کیا جائیگا۔
وفاقی صوبائی ادارے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد تیزکریں
Aug 23, 2016