امریکہ کا روس کو ویزوں کے اجراءکا عمل معطل کرنے کا اعلان

Aug 23, 2017

ماسکو (این این آئی)امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے روس میں ویزوں کے اجراءسے متعلق اپنی خدمات میں بھرپور کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ واشنگٹن کی جانب سے روس پر نئی پابندیوں کے جواب میں ماسکو کی طرف سے امریکی سفارتی ملازمین کی تعداد میں کمی کر دینے کے بعد سامنے آیا ۔روس میں امریکی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ وہ 23 اگست کو روس بھر میں امریکی ویزوں کے اجراءکی تمام کارروائیاں روک دے گا البتہ تارکین وطن کے ویزے اس سے مستثنیٰ ہیں۔ ویزوں کا اجراءیکم ستمبر سے دوبارہ شروع کیا جائے گا تاہم یہ انتہائی قلیل پیمانے پر ہوگا۔اس اقدام کا مطلب ہے کہ جو روسی شہری سیاحت کے لیے امریکہ کا دورہ کرنا چاہتے ہیں وہ اپنے شہروں میں امریکی قونصل خانے کی خدمات حاصل نہیں کر سکیں گے اور وہ ویزے کے حصول کے لیے ماسکو کا سفر کرنے پر مجبور ہوں گے۔

مزیدخبریں