این اے 120میں تناﺅ‘ الیکشن کمشن کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے: عارف نواز

لاہور (فیملی میگزین رپورٹ، خالد بہزاد ہاشمی، طارق منیر بٹ) حلقہ این اے 120 میں 17 ستمبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں الیکشن کمشن کی طرف سے ابھی تک ہدایات موصول نہیںہوئیں، ان سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں اقدامات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے فیملی میگزین کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہوئے وہاں احسن انداز میں ذمہ داری نبھائی۔ اس حلقے کی حساسیت زیادہ ہے ہمارے پاس ریسورس کی کوئی کمی نہیں۔ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی میں تناﺅ کی فضا ضرور پائی جاتی ہے مگر الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے ملک کو خطرناک اسلحہ سے پاک کرنے اور ممنوع لائسنس منسوخ کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایات ابھی تک نہیں ملیں‘ وزارت داخلہ کی طرف سے جونہی ہدایات ملیں ان پر درآمد کریں گے۔ پنجاب بھر میں ممنوع بور کے ہتھیاروں پر پچھلے تین سال سے پابندی عائد کر رکھی ہے۔ خطرناک اسلحہ کو لیکر چلنے کا سخت مخالف ہوں۔ ایمانداری سے کہتا ہوں کہ پنجاب بھر میں امن و امان کی صورتحال دیگر صوبوں سے کہیں بہتر ہیں۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا کہ ہم دہشت گردی کیخلاف مسلسل حالت جنگ میں ہے۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کر رکھا ہے۔ پنجاب پولیس کو جدید سہولیات سے ہم آہنگ کیا جس کے بہتر نتائج آ رہے ہیں۔ پولیس کمپلینٹ سیل میں درج ہونیوالی 90 فیصد شکایات کا ازالہ کیا۔ راجن پور میں چھوٹو گینگ پر کافی حد تک قابو پا لیا۔ تفتیشی مرحلے کے دوران گواہوں اور مدعلیہان کی سیکورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونیوالوں کے ورثا کی بہبود کیلئے ایک ڈی آئی جی تمام معاملات دیکھتا ہے۔ کرایہ داروں کے اندراج کے سسٹم کو صوبے بھر میں لاگو کیا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ لاہور میں ویمن پولیس سٹیشن کا قیام ایک بہتر تجربہ تھا ۔ آئی جی پنجاب کا یہ تفصیلی انٹرویو 3 تا 9 ستمبر فیملی میگزین کے شمارے میں ملاحظہ فرمائیں۔

ای پیپر دی نیشن