اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف الیکشن کمشن میں غیرملکی فنڈنگ کیس میں کارروائی روکنے کیلئے حکم امتناعی جاری کرنے سے پھر انکار کردیا۔ منگل کو تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمشن کے 16 اگست کا آرڈر چیلنج کیا گیا جس میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمشن کو عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی سے روکا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایڈووکیٹ انور منصور عدالت میں پیش ہوئے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ فارن فنڈنگ کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غور ہے لہذا الیکشن کمشن کو عدالتی فیصلے تک کسی کارروائی سے روکا جائے۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ اس حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کریں، ہم اعلیٰ عدالت میں جاری کیس کے حوالے سے کوئی آرڈر کیسے جاری کر سکتے ہیں ۔اس پر انور منصور نے کہا تعطیلات کی وجہ سے سپریم کورٹ میں بنچ دستیاب نہیں۔ الیکشن کمشن نے عمران خان کو توہین عدالت کے نوٹس پر 7 ستمبر تک جواب کا حتمی نوٹس بھیجا ہے۔ فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمشن کو توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار نہیں۔عدالت نے الیکشن کمشن اور اکبر ایس بابر کو پیر 28 اگست کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔