اسلام آباد + لاہور (نمائندہ خصوصی+ خصوصی رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لاہور جاتی امرا میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ شہبازشریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں قومی اہمیت کے امور سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں حکومتی ترقیاتی ایجنڈا کو زیرغور لایا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ وزیراعظم نے شرکاء کو اپنی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتوں اور دوسرے سیاسی رابطوں کے بارے میں بتایا۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے بھی نوازشریف سے ملاقات کی۔ دریں اثناء چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے ملاقات کی جس میں مسلح افواج کے پیشہ ورانہ امور کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم سے مسلم لیگ (ن) کے ارکان سینٹ نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 4 برس میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو چیلنجز سے نکالنے کیلئے انتھک کام کیا۔ حکومت نے امن و امان کی صورتحال سے لے کر معاشی مسائل تک کے حوالے سے میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو دوبارہ درست راستے پر ڈالا اور ترقی و خوشحالی کے سفر کا آغاز کیا۔ وزیراعظم نے سکیورٹی، معیشت اور ترقی کے حوالے سے حکومتی پالیسی اقدامات کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کرپشن سے پاک حکومت کا تصور دیا اور یہ بات قابل فخر ہے کہ گزشتہ 4 سال میں ملک میں ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ حکومت قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار کی پاسداری اور اداروں کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قانون کی حکمرانی پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ جمہوریت اور اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم 25اگست کو فاٹا اصلاحات کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کرینگے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی ملاقات کی جس میں ترقیاتی منصوبوں اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں شاہد خاقان آج سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے۔ وزیراعظم عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ شاہد خاقان کی سعودی قیادت سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔ سعودی قیادت سے ملاقات کی صورت میں نئی امریکی پالیسی پر پاکستانی مؤقف پر بات ہوگی۔اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے گزشتہ رات اپنے اجلاس میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی دوسال کیلئے تقرری کی منظوری دی ۔ یہ تقرری 90روز تک پروبیشن پر ہوگی۔ وفاقی کابینہ نے سول ایوی ایشن کے سیکرٹری کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے سی ای او کی تقرری کے 60روز کے اندر پی آئی اے کے منافع بخش ہونے کا بزنس پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی کابینہ ایس ای سی پی میں کمشنرز کی تعداد بڑھانے کی منظوری دی ۔ وفاقی کابینہ نے ایڈز، ٹی بی اور ملیریا کے خاتمہ کیلئے بین الاقوامی فنڈز پر ٹیکس ، ڈیوٹیز اور لیویز کا استثنیٰ دینے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمتوں کی منظوری دی ۔ وفاقی وزارت قومی صحت سروسز ریگولیشن اور کوارڈینیشن ڈویژن کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ جان بچانے والی ادویات کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس کے معیار کا بھی خیال رکھا جائے۔ موجودہ حکومت کے تحت دور دراز علاقوں میں وفاقی کابینہ نے گیس ڈویلپمنٹ کے جاری منصوبوں کی تکمیل اور نئے پراجیکٹس شروع کرنے کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل حکومت پاکستان اور حکومت نائیجیریا کے درمیان تیل و گیس کے میدان میں معاہدے کے لئے بات چیت کرنے کی منظوری دی۔وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے کابینہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے متعلق بریفنگ دی۔
وزارت صحت ادویات کے معیار اور مناسب قیمتوں کو یقینی بنائے: وفاقی کابینہ
Aug 23, 2017