اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) عدالت عظمیٰ کی جانب سے چوری کے مقدمہ کی دوبارہ تفتیش کے حکم پر عدم عمل درآمد پر سپریم کورٹ میں آئی جی، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب پولیس سمیت 13 افراد کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ راجہ خورشید کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تھانہ صادق آباد راولپنڈی کے علاقہ میں اس کے گھر چوری کی واردات ہوئی، 11جون 2011ئکو تھانہ صادق آباد میں ایف آئی آرنمبر 527درج ہوئی، پولیس چوری شدہ سامان برآمد کرنے کے بجائے مبینہ طور پر ملزمان سے مل گئی، ناقص تفتیش پر سائل نے متعلقہ حکام کو درخواستیں دیں، ملزمان نے ہائیکورٹ لاہور میں درخواست دی جس پر پولیس کی تفتیش روک دی گئی۔ ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف سائل نے سپریم کورٹ میں درخواست دی تو سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب پولیس کو کیس کی میرٹ پر شفاف تحقیقات کا حکم جاری کیا۔ ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن نے مبینہ ملی بھگت سے سپریم کورٹ میں جھوٹی من گھڑت اوکے رپورٹ جمع کروائی ۔ عدالت سے استدعا ہے کہ کیس کی دوبارہ شفاف تحقیقات حکم دیا جائے اور ، SCMR 2014, 474عدالت عظمیٰ کے13 ستمبر2013ء کے عدالتی حکم کے مطابق انوسٹی گیشن نہ کرنے اورجھوٹی رپورٹ جمع کرانے پر متعلقہ 13افراد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔