کشمیر ریلی:جنگ کا آغاز بھارت نے کیا لیکن ختم ہم کرینگے، امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ سن لو آزاد کشمیر کی بات کی تو یہاں تمہارے فوجیوں کا قبرستان بنائیں گے:صدر آزاد کشمیر

 صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی غیرت کو للکارا ہے، اس کا جواب ضرور دیں گے، اس جنگ کا آغاز بھارت نے کیا ہے، اختتام ہم کریں گے، ہم پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے آزادی کی تڑپ کو دبانے کی کوشش کی ہے، مودی شکریہ تم نے ساری دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر پر مبذول کرادی۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں تازہ حملہ کیا، پاکستانی قوم نے کشمیر کا جھنڈا اپنے دل سے لگایا ہے، بھارت نے نہتے کشمیریوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست سے پہلے ایک لاکھ 80 ہزار مزید فوج کشمیر میں بھیجی، بھارت نے پورے کشمیر کا محاصرہ کیا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر کو اندھیرے کی چادر میں لپیٹ دیا گیا ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے انتہاپسندانہ اقدام کرکے کشمیریوں کی غیرت کو للکارا ہے، ہم بھارت کو اس کا جواب ضرور دیں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بزدل فوج گھروں پر حملے کرتی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کی بہادر اور نہتی قوم ہے، متعصب بھارتی حکمرانوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مسعود خان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سن لو، آزاد کشمیر، گلگلت بلتستان جنگ سے آزاد کرایا ہے، آزاد کشمیر کی بات کی تو یہاں تمہارے فوجیوں کا قبرستان بنائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ 70سال سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ رکھنے والے بھارت نے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ وادی پر نیا حملہ کیا۔

سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ یہ حملہ ہندوستان نے نہتے لوگوں پر کیا ہے، تاریخ کے ساتھ عہد کرتے ہیں، بھارت کو اس حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل370 پنڈت جواہر لعل نہرو اور شیخ عبدالله کے درمیان شیطانی معاہدہ تھا، ہمیں اس کا افسوس نہیں کہ انہوں نے آرٹیکل منسوخ کیا، افسوس یہ ہے کہ کشمیریوں سے پوچھے بغیر یہ قدم اٹھایا گیا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی دھمکی بھارت نے دی، یہ بزدل بھارتی فوجی رات کو گھروں پر حملہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے یہ انتہا پسندانہ اقدام اٹھا کر کشمیریوں کو پاوں تلے کچلنے کی کوشش کی ہے، امت مسلمہ کو للکارا ہے، بھارت کو اس اقدام کا جواب ملے گا، ہم اس کا جواب دیں گے۔

سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کو سلام پیش کیا اور کہا کہ آپ نے ہندوستانی تسلط کو کبھی قبول نہیں کیا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ دنیا کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر خاموش کیوں ہے ؟ آج آپ کی آنکھوں کے سامنے پورا کشمیر گیس چیمبر بن چکا، کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، کیا کشمیر کو بچانے والا کوئی نہیں؟

صدر آزاد کشمیر نے یہ بھی کہا کہ یہ بین الاقوامی برادری کا دہرا معیار ہے، جینو سائیڈ واچ نے تمام نکات گنوادیے، پھر بھی سلامتی کونسل خاموش ہے، کیوں جنرل اسمبلی خاموش ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ عالمی ذرائع ابلاغ نے اہل جموں کشمیر کی حمایت کی، لیکن ممالک کے لب سلے ہیں، آزاد کشمیر کے شہری ہندوستان کے جارحانہ فائر کی زد میں آتے ہیں، بھارت، پاکستان میں علحیدگی پسند تحریک چلواتا ہے۔

سردار مسعود خان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام نے آزادی کی جنگ لڑی اور علاقہ آزاد کروایا، آپ یاد رکھو ایک بار پھر جرات کی تو تمہارا قبرستان پھر بنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ سو لوگ اپنی بصارت سے محروم ہوگئے ہیں،میں ان معصوم بچوں کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ جنگ ہندوستان نے شروع کی ختم ہم کریں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہاکہ بھارت ہماری طرف سے سن لو،ہم انسانیت کے دائرے میں رہ کر مقابلہ کریں گے ،ہم انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے پاس جائیں گے۔


 

ای پیپر دی نیشن