اوکاڑہ، بوریوالا: 2 موٹرسائیکل حادثے، ماں بیٹے سمیت 4 جاں بحق، ہڑپہ میں ٹرالی الٹ گئی، 3 خواتین ہلاک

Aug 23, 2020

ساہیوال‘ کسووال، گیمبر اوکاڑہ چھاؤنی‘ بورے والا (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) 3 حادثات میں ماں، بیٹے سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ہڑپہ کے قریب ٹرالر سے ٹکرا کر ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی۔ حادثے میں 3 مزدور خواتین دم توڑ گئیں جبکہ 23 زخمی ہو گئے۔ بورے والا میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے خاتون شیرخوار بچے سمیت جان کی بازی ہار گئی۔ گیمبر کے نزدیک ٹرالر کی زد میں آ کر موٹر سائیکل سوار ماں، بیٹا چل بسے۔ تفصیلات کے مطابق بورے والا میں محمد بلال اپنی موٹر سائیکل پر بیوی عاصمہ بی بی اور سالی ثمینہ بی بی اور چار ماہ کے معصوم بچے کے ہمراہ 431ای بی کے قریب جا رہے تھے مٹی سے لوڈ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی  نے انہیں ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں محمد بلال اور اس کی بیوی شدید زخمی ہو گئے جبکہ بلال کا چار ما ہ کا معصوم بچہ اور عاصمہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر ہڑپہ کے قریب ٹرالے کی ٹکر سے ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی اور ٹرالی میں سوار 3 افراد جاں بحق 25 زخمی ہو گئے۔ ٹریکٹر ٹرالی میں سوار افراد مزدوری کے لئے جا رہے تھے زخمیوں میں 5 کی حالت نازک ہے۔ ٹریکٹر ٹرالی میںسوار حادثہ میں جاں بحق 3 خواتین آمنہ بی بی 45سالہ, ممتاز بی بی 45 سالہ اور منظوراں بی بی 40 سالہ شامل ہیں۔ خواتین ساہیوال میں کپاس چننے آ رہی تھیں۔ زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال منتقل کر دیا گیا ہے۔ گیمبر اوکاڑہ چھائونی سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثہ میں ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ چیچہ وطنی کا رہائشی ذیشان اپنی والدہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اوکاڑہ کی جانب جا رہا تھا  گیمبر کے نزدیک عقب سے آنے والے ٹرالر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شاہ کوٹ میں پنواں سٹاپ کے قریب بس نے پولیس وین کو ٹکر مار دی۔ پولیس کے مطابق حادثے میں ایلیٹ فورس کا اہلکار جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔

مزیدخبریں