اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) کرونا وائرس کے باعث پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 3 مریض انتقال کرگئے، مریضوں کی کل تعداد 6 ہزار 234 ہو گئی ہے،جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے 586 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد2 لاکھ 92 ہزار 566 ہو گئی۔ ملک میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی شرح 94.2فیصد ہو چکی ہے، جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے 1,738مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔ جبکہ ملک میں کروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح 2.1فیصد ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں تاحال کروناوائرس کے2 لاکھ 75 ہزار 317 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کرونا ایکٹو کیسز کی تعداد 10 ہزار 626 رہ گئی ہے۔ سندھ میں ایک مریض کا انتقال‘ 2 ہزار 358 اموات ، کرونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 691 ہو گئی ہے۔ پنجاب 96 ہزار 57، خیبر پختونخوا میں2 اموات، مجموعی تعداد ایک ہزار 248 ، کیسز 35 ہزار 602 ہو گئے۔ اسلام آباد 15 ہزار 472، بلوچستان 12 ہزار 473، آزاد کشمیر 2 ہزار 241 اور گلگت میں میں کرونا کیسز کی تعداد 2 ہزار 638 ہے۔ پنجاب میں 2 ہزار 188 ، خیبر پختونخوا اسلام آباد 175، بلوچستان 141، گلگت بلتستان 63 اور آزاد کشمیر میں کرونا سے اموات کی تعداد 61 ہے۔ ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس کے,902 2,414ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ 138 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں جبکہ ہسپتالوں میں کرونا وینٹی لیٹرزکی تعداد 1920 ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔پاکستان میں کرونا وائرس کے اثرات تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور اگست کے پہلے دس روز میں صرف چھ ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ ماضی کی نسبت سب سے کم ہیں۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا میں 8 لاکھ 3 ہزار 200 افراد ہلاک اور 2 کروڑ 31 لاکھ 17 ہزار 813 متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ایک کروڑ 57لاکھ 11ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ امریکہ پہلے نمبر پر ہے جہاں 57لاکھ 96 ہزار 727افراد متاثر اور ایک لاکھ 79ہزار 200ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارت میں کرونا مریضوں کی تعداد 29لاکھ 73ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد 55ہزار 928ہے۔ سیکرٹری صحت پنجاب محمد عثمان کا کہنا ہے کہ جس گھر یا دکان میں کرونا کیس ہو گا‘ صرف اسے لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ گھر یا دکان کے پورے علاقے‘ پلازے یا شاپنگ مال کو سیل نہیں کیا جائے گا جبکہ کرونا وائرس سے متاثرہ شخص گھر پر 14 دن قرنطینہ میں رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق آج سے ہو گا اور نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہاہے کہ انہیں امید ہے کہ کرونا وائرس کی وبا دو برس سے کم مدت میں ختم ہو جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنیوا میں خطاب کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیدروس ادھانوم غیبریسس کا کہنا تھا کہ 1918 میں ہسپانوی فلو کی وبا پر قابو پانے میں دو برس لگے تھے۔ ان کا کہنا تھا یقیناً زیادہ میل ملاپ سے اس وائرس کے پھیلنے کا زیادہ امکان ہے لیکن اس وقت ہمارے پاس اس کو روکنے کی ٹیکنالوجی اور علم موجود ہے۔12 سال سے زائد عمر والوں کیلئے ماسک لازمی ہے۔