سائوتھمپٹن ٹیسٹ : کرالی کی ڈبل ‘بٹلر کی سنچری ‘انگلینڈ کی 583رنز پر اننگز ڈکلیئر ‘پاکستان کی 24پر 3وکٹیں گر گئیں  

Aug 23, 2020

لاہور(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا‘583رنز 8کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈکلیئرکردی ۔ میچ کے دوسرے دن میزبان انگلش ٹیم نے 332رنز چا کھلاڑی آئوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو زاک کرالی اور جوز بٹلر نے شاندار بلے باز کا مظاہرہ کیا ۔ زاک کرالی 267اور جوز بٹلر 152رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ دونوں درمیان 359 رنز کی شراکت نے انگلینڈ کو مضبوط پوزیشن پر کھڑا کردیا ۔ کرس ووکس 40‘سٹورٹ براڈ 15رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ پاکستان نے سات بائولرز کو آزمایا۔شاہین آفریدی ‘یاسر شاہ اور فواد عالم نے دو دو جبکہ نسیم شاہ اور اسد شفیق نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ پاکستان ٹیم اننگز کے آغاز سے مشکلات کا شکار ہوگئی ۔چھ رنز کے مجموعی سکور پر اوپنر شان مسعود چار رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔عابد علی بھی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکے اور صرف ایک رن بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر سبلی کو کیچ تھما بیٹھے ۔ 24کے مجموعی سکور پربابر اعظم 11رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3وکٹوںپر24رنز بنالئے تھے ۔اظہر علی4رنز پر کھیل رہے ہیں ۔تینوں کھلاڑیوں کو جیمز اینڈرسن نے آئوٹ کیا۔ گرین شرٹس کو فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 360رنز جبکہ انگلینڈ کا سکور برابر کرنے کیلئے 559رنز درکار جبکہ 7وکٹیں باقی ہیں ۔انگلینڈ کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔

مزیدخبریں