اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کے جانے پر عمران خان پچھتا رہے ہیں، اب انہیں واپس لانا آسان کام نہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو این آر او کی تلاش ہے لیکن اب کسی کو چھوٹ نہیں ملے گی، مریم نواز کے ٹویٹر کو سگنل ملنے سے شہباز شریف کی سیاست کو نقصان پہنچا، مردہ اپوزیشن حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کی اے پی سی ان کے گلے پڑسکتی ہے، محرم کے بعد بھی اے پی سی نہیں دیکھ رہا، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں بظاہر اختلافات ہیں، مریم نواز نے جتنے پتھر مارے وہ شہباز شریف کی سیاست کو لگے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس گہرے پانیوں میں ہے، شہباز شریف کسی صورت بھی تحریری بیان نہیں دیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا مریم نواز شہباز شریف کی سیاست کیخلاف کام کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ این آر او کی تلاش میں ہیں، فضل الرحمان جو چاہتے ہیں وہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سے نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا ایم این ون اہم منصوبہ ہے، شالیمار ایکسپریس کے کرایوں میں 25 اگست سے 10 فیصد کمی ہوگی۔ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اے پی سی ان کے اپنے گلے پڑ سکتی ہے مولانا فضل الرحمان اے پی سی کا تحریری اعلانیہ چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ ان کا تو سیاسی خانہ خراب ہے تو کسی کی کیوں سندھ میں حکومت ہو اور کوئی کیوں پارلیمنٹ میں ہو فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ کسی کی بھی حکومت نہ رہے ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف تقریر کر سکتے ہیں لیکن تحریر کی طرف نہیں جائیں گے۔دریں اثناء وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں انہیں گزشتہ ایک سال میں ہونے والے حادثات کی انکوائریوںپر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ڈی ایس کراچی، ملتان اور پشاور نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی ۔اجلاس میںوزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو اجلاس میں حالیہ خانیوال حادثہ سے لے کر گزشتہ ایک سال میں حادثات پر ہونے والی انکوائریاں، ذمہ داران کے تعین اور سزا کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔