کراچی‘ راولپنڈی (نیٹ نیوز/ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ہفتہ کی شام ایک بار پھر موسلادھار بارش سے حالات مزید خراب اور تباہی میں اضافہ ہو گیا، پہلے سے زیر آب علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، بارش کے ساتھ ہی 600 فیڈز ٹرپ کر گئے جس سے روشنیوں کا شہر تاریکی میں ڈوب گیا ۔قبل ازیں جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں 100 ملی میٹر بارشیں ہونے کی توقع ہے، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، تیز بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے، بارش کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے 26 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔قبل ازیں گزشتہ دنوں برسات کے باعث تاحال کراچی کے مختلف حصوں میں برسات اور ناقص انفراسٹرکچر کے باعث تباہی پھیلی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب جاری کردہ الرٹ کے بعد شہر کے نواحی علاقوں سے آبادی کا انخلا شروع ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے کراچی کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ مزید برآں گجر نالے میں گزشتہ روز تین افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے دو کی نعشیں مل گئیں ہیں اور ایک کی تلاش جاری ہے ریسکیو کے مطابق تینوں افراد کا تعلق ایک ہی گھر سے ہے ناصر پنکچر کی دکان اپنے بیٹے بلال اور بھائی کے ہمراہ محفوظ بنا رہا تھا کہ ریلہ آ گیا اور تینوں بہہ گئے ناصر اور اس کے بیٹے کی نعشیں مل چکی ہیں۔ دریں اثناء گزشتہ روز کی بارش سے پانی گھروں میں موجود ہے سڑکیں تالاب بنی ہوئی ہیں، کچرا ہر جگہ نظر آ رہا ہے سڑکوں پر گڑھے پڑ گئے۔ سرجانی ٹائون کے مختلف علاقوں میںپانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے لوگوں کا قیمتی سامان برباد ہو گیا، گلیوں اور محلوں میں بھی پانی جمع ہے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے پر مجبور ہیں۔ دوسری طرف حیدر آباد میں بھی گزشتہ روز ہونیوالی بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا۔دوسری طرف شہر قائد میں بارش کے بعد پاک فوج کی ٹیمیں انتظامیہ کے ساتھ ریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں اور پانی کی نکاسی کا عمل بھی جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی ٹیمیں انتظامیہ کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام بھی جاری ہے۔ این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی13ریلیف اینڈ ریسکیو ٹیمیں نکاسی کیلئے متحرک ہیں، سرجانی ٹاؤن حب کینال میں شگاف پڑگیا۔ صورتحال پرقابوکیلئے پاک آرمی کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، احتیاطی تدابیراپناتے ہوئے حب کینال کے گیٹ بھی بندکردیئے گئے ہیں اور انجینئرزکی ٹیم نے حب کینال کی مرمت کا آغازکردیا ہے۔ اسی طرح رینجرز کی امدادی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سخی حسن‘ سرجانی ٹاؤن‘ نارتھ کراچی‘ یوسف گوٹھ میں ٹیمیں موجود ہیں۔ رینجرز اہلکار محصور افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں