ملتان (سپیشل رپورٹر) حکومت کی جانب سے میاں نواز شریف کی لندن سے واپسی کی بات پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے لیگی رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ حکومت کی 2 سالہ کارکردگی عوام کے سامنے آچکی ہے حکومت کی معاشی‘ خارجی پالیسی مکمل ناکامی کا شکار ہے ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کا راج ہے غریب کے منہ سے دو وقت کی روٹی چھین لی گئی ہے حکومت اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے میاں نواز شریف کی بیماری کا ایشو بنا رہی ہے موجودہ حکمرانو ں نے خود ٹیسٹ رپورٹس کی تصدیق کے بعد میاں نواز شریف کو باہر بھیجا ہے ان خیالات کا اظہار مختلف لیگی رہنماؤں نے ’’نمائندہ نوائے وقت ‘‘سے اپنی خصوصی گفتگو میں کیا ۔ اس موقعہ پر ’’نمائندہ نوائے وقت ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری شیخ طارق رشید نے کہا کہ حکمران دراصل اپنی ناکامی کا ملبہ نان ایشوز پر ڈال کر عوامی توجہ ہٹا رہے ہیں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی بیماری کا مذاق نہیں اڑانا چاہئے سابق صوبائی وزیر حاجی احسان الدین قریشی نے کہا کہ میاں نواز شریف کی کردارکشی کرنے کی بجائے حکومت اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے سابق ایم این اے بیگم شاہین شفیق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سخت بیمار ہیں ان کو حکومت نے خود باہر بھیجا تھا اب اس ایشو پر خود سیاست کر رہی ہے سابق ایم پی اے بیگم سلطانہ شاہین نے کہا کہ حکومت آج بھی دراصل میاں نوازشریف فوبیا میں مبتلا ہے مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر ضلع ملتان شاہد مختار لودھی نے کہا فورم میں ایسے بیان سے ملک میں انارکی جنم لے سکتی ہے حکومت ہوش کے ناخن لے رہنما مسلم لیگ ن شبیر چوہان نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں ایسے بیانات سے عوام کو تکلیف ہوتی ہے رہنما مسلم لیگ ن راؤ ابرار علی نے کہا کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں مہنگائی اور بے روزگاری سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسا کیا جا رہا ہے رہنما مسلم لیگ ن غفار اعوان نے کہا کہ میاں نواز شریف قوم کے دلوں میں آج بھی بطور وزیراعظم موجود ہیں ایسے بیانات سے حکمرانوں کو ہی نقصان ہو گا رہنما مسلم لیگ ن مبشر اختر لنگاہ نے کہا کہ آج بھی حکومت صرف میاں نواز شریف کو نیچا دکھانے میں مصروف ہے رہنما مسلم لیگ ن مطیع الحسن بخاری نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں وگرنہ عوامی سیلاب انہیں اقتدار سے باہر پھینک دے گا۔