وہاڑی(نمائندہ نوائے وقت)سابق صوبائی وزیرزراعت نعیم خان بھابھہ نے کہاہے کہ گزشتہ روزہونے والی وفاقی کابینہ میٹنگ کی جوکہانی مختلف ذرائع سے گردش کررہی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں سے کسی بھی قسم کا رابطہ کرنے پرسختی سے منع کردیاہے اگراس بات میں حقیقت ہے توبہت ہی خطرناک صورتحال ہے اس قسم کے فیصلے توآج تک کسی فوجی ڈکٹیٹرنے بھی نہیں کئے تھے۔وہ گزشتہ روزصحافیوں سے گفتگوکررہے تھے۔نعیم خان بھابھہ کاکہناتھاکہ کسی بھی ملک کی اپوزیشن جماعتیں حکومت کیلئے آئینہ کی حیثیت رکھتی ہیں اوراپوزیشن کی تنقیدسے حکومتیں اپنی کامیابی کاراستے متعین کرتی ہیں لیکن اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ ملک کاوزیراعظم اس قسم کے فیصلے کرکے ملک میں سیاسی انتشارکوہوادینے کی کوششوں میں مصروف ہے ان کاکہناتھاکہ حکومت کی دوسالہ کارکردگی ایسی نہیں ہے کہ جس پرعوام کے سامنے حکومت فخرکرسکے اس کے باوجودوزیراعظم میں نہ مانوں کی پالیسی اختیارکئے ہوئے ہیں وزیراعظم کوچاروں طرف سے غیرمنتخب غیرسیاسی مشیروں نے گھیررکھاہے اوروہی ان سے ایسے فیصلے کراکے حکومت کوبندگلی میں دھکیل رہے ہیں ان کاکہناتھاکہ وزیراعظم ہروقت احتساب احتساب کرتے رہتے ہیں لیکن وہ یہ بھی توقوم کوبتائیں کہ اپنی صفوں میں گھسے بیٹھے کرپٹ ٹولہ کااحتساب کب کریں گے۔