برسلز (این این آئی )یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزیٹ کے بعد نئے تعلقات پر گفتگو کا ساتواں راونڈ بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا۔اس صورتحال پر یورپی یونین کے چیف مذاکرات کار مشل بارنئیے نے انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دونوں فریقین کے درمیان نئے معاہدے کا امکان نظر نہیں آتا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے 4 دن سے جاری مذاکرات کے بعد آج ایک آن لائن پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے مذاکرات کار ڈیوڈ فراسٹ نے دونوں فریقین کے درمیان نئے معاہدے کیلئے ضروری بنیادی نکات پر آگے بڑھنے کیلئے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ جس میں انٹرنل مارکیٹ، فشریز، ٹرانسپورٹ، انوائرنمینٹ اور گورننس جیسے معاملات شامل ہیں۔انکا کہنا تھا کہ برطانوی نمائندے تو ان چیزوں پر گفتگو پر آگے جانے کی بجائے پیچھے کی طرف جارہے ہیں اور وہ ان چیزوں پر بھی دلچسپی نہیں دکھا رہے جس پر بورس جانسن گفتگو کرتے رہے ہیں۔اس صورتحال سے ان تمام لوگوں کو مایوسی ہوئی ہے جو ان مذاکرات کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچتا دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔