اسلام آباد : پاک بحریہ کیلئے چین میں تیار کیے جانے والے 054 فریگیٹ جہاز کی لانچنگ کی تقریب کا انعقاد ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ چائنہ میں کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف نیول اوورسییر (چین) کموڈور اظفر ہمایوں نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کارپوریشن لمیٹڈ (CSTC) کے چیئرمین لی ہونگ تاؤ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ تقریب پاک بحریہ کے لیے بنائے گئے جدید ترین فریگیٹ کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل ہے ۔ سطح سمندر، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے جدید ہتھیاروں، کمبیٹ مینجمنٹ سسٹم اور سینسرز سے لیس ٹائپ 054 فریگیٹ تکنیکی طور پر پاک بحریہ کے بیڑے کے سب سے جدید جہازوں میں سے ایک ہوں گے۔ ہمارے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں یہ جہاز اہم کردار ادا کریں گے۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس موقع کو پاک چین دفاعی تعلقات میں ایک نئے باب سے تعبیر کیا۔ انھوں نے ہوڈونگ ژونگوا شپ یارڈ،چین کی محنت اور عزم کو سراہا اور کوویڈ19 کی عالمی وبا کے باوجود پراجیکٹ کو جاری رکھنے کے لیے CSTC کی مسلسل کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کے چیئرمین سمیت دیگر عہدیداران اور پاک بحریہ کے حکام نے شرکت کی ۔