لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز بارش کی نذر ہو گیا ۔ تیسرے دن کا کھیل آدھ گھنٹہ پہلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گرائونڈ گیلی ہونے کی وجہ سے کھیل وقت پر شروع نہ ہوسکا ۔گرائونڈ بہتر ہونے پر کھیل دوبارہ شروع ہوا تو صر ف آٹھ گیندیں پھینکی جاسکیں ۔ امپائرز نے میدان کا دوبارہ جائزہ لیاتو کھانے کا وقفہ بھی ہوچکا تھا ۔ کھانے کے وقفہ کے بعد کھیل دوبارہ شروع کیا گیا ۔ پاکستان نے 212رنز چار کھلاڑی آئوٹ پر اننگز شروع کی تین وکٹیں جلد گر گئیں ۔ فہیم اشرف 26رنز بناکر سیلزکی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ محمد رضوان 31رنز بناکر جیسن ہولڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو ئے ۔ نعمان علی پہلی گیندپر جیسن ہولڈ ر کی گیند پر وکٹ کیپر ڈی سلوا کو کیچ تھما بیٹھے ۔ گزشتہ روز ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے فواد عالم 101 اور حسن علی6رنز پر کھیل رہے تھے۔پاکستان نے 7وکٹوں کے نقصان پر256 رنز بنالئے تھے ۔کیمار روئچ نے تین ‘جیسن ہولڈر اور جیڈن سیلز نے دو دو کھلاڑیوں کوآوٹ کیا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بادل برس گئے جس کے باعث ایک گیند بھی نہیں پھینکی جاسکی۔ فیلڈ امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل گرائونڈ گیلی ہونے کی وجہ سے دونوں کپتانوں کی مشاورت ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ بارش کا سلسلہ گزشتہ رات کو بھی جاری رہا جس کی وجہ سے گرائونڈ گیلی تھی۔ فیلڈ امپائرز نے میدان کا معائنہ کیا اور پچ کو ڈھانپے رکھنے کا فیصلہ ہی کیا گیا۔واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی، میزبان ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 168 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔