کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈاکٹررتھ فائو سول اسپتال کراچی کی حدود اوراسکے اطراف میں ایمبولینس کے ہوٹر بجانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی جبکہ فلاحی اداروںکی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ایمبولینس ڈرائیورو ں کو قانو ن کا پابند بنائیں۔تفصیلات کے مطابق سول اسپتال کراچی کے انتظامی سربراہ نور محمد سومرو کی ہدایت پر اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر نصراللہ میمن نے شہر کے مختلف فلاحی اداروں کو تحریری مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں سول اسپتال کراچی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سائرن اور ہوٹر کے شور سے مریضوں کی تکلیف کے پیش نظر سول اسپتال کی حدود اور اسکے اطراف ایمبولینس کے ہوٹر یا سائرن بجانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے کیونکہ ایمبولینسوں کے غیر ضروری سائرن اور ہوٹر کی آوازسے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کے آرام اور نیند میں خلل واقع ہونے کیساتھ ان کے علاج و معالجے کے نظام کو بھی متاثر کر رہی ہے لہذا آنیوالے راستوں پر ہوٹر اور سائرن بجانے کی ممانعت ہو گی اس ضمن میں اسپتال انتظامیہ نے متعلقہ این جی اوز کے سربراہوں کو بھی باقائدہ تحریری مراسلہ گذشتہ روز ارسال کر دیا ہے اور ان سے معاملے پر تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔سول سپتال انتظامیہ نے پہلے مرحلے میں اس ضمن میں تمام فلاحی اداروں کی ایمبولینسوں کو حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹریفک پولیس کو نہ صرف قانونی کارروائی کا اختیار ہوگا بلکہ حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ایسی ایمبولینسوں کااسپتال میں داخلہ بھی ممنوع قرار دیدیا جائے گا۔