اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہمیشہ سے ایک اصولی موقف رہا ہے کہ پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں،افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا،پاکستان کے علاوہ کسی ملک کو افغانستان کی صورتحال پر تشویش نہیں ہوسکتی ،70 ہزار سے زائد لوگ اور افواج پاکستان نے قربانیاں دی ہیں،افغانستان کے مسئلے پر پاکستان ہمیشہ سے سر فہرست کھڑا رہا ہے،پیپلز پارٹی کے دور میں معاشی ترقی کی رفتار 5.4 فیصد تھی اور ان کے دور میں صرف 2 فیصد ہے،موجودہ حکومت نے جو عوام سے وعدے کئے وہ مایوس کن ہیں کہ ایک بھی پورا نہیں ہوا، سیاست جس طرح چل رہی ہے اسی طرح چلتی رہے گی،ہمیں ذاتی مفادات چھوڑ کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا،پاکستان کی موجودہ حکومت کے تین سال مکمل ہو گئے ہیں،موجودہ حکومت کہتی ہے کہ پچھلی حکومت نے جو قرضہ لیا وہ اتار رہے ہیں،قرضہ اتارنے کے لئیے مزید قر ضہ لینا کون سی عقلمندی ہے،حکومت اگر عوام کو ساتھ لیکر چلے تو پاکستان سے بہتر ملک کوئی نہیں ہے،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں بتائیں اور تحفظات کو سنیں ، حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اپوزیشن سے بات ہی نہیں کر رہی۔مساوات بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہاکہ پاکستان کا ہمیشہ ایک اصولی موقف رہا ہے ،ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھے جائیں ،افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے ،پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بے شمار قربانیاں دی اور ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتے ۔