آزاد کشمیر کی ترقی ترجیح ، فنڈز کی کمی آڑے  نہیں آنے دوں گا : عبدالقیوم نیازی

اسلام آباد،مظفرآباد(نمائندہ نوائے وقت،نمائندہ خصوصی)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور اور چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ نیازی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور بلا تفریق احتساب شفافیت،روزگار کی فراہمی اور جامع اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق بلاتفریق احتساب اور آزاد کشمیر کوترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کو روزگار کی فراہمی خطے کی تعمیر وترقی وخوشحالی،اور عوام کا معیارزندگی بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہر شخص کو ریاست میں تبدیلی نظر آئے گی۔ عوام بہت جلد پولیس، انتظامیہ اور دیگر شعبوں میں بہتری دیکھیں گے۔وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے وزیر اعظم آزاد کشمیرکو عوامی فلاحی منصوبو ں میں وفا ق کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی  اور کہا کہ ریاست کے عوام کی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔علی امین گنڈا پور نے آزاد کشمیر میں جامع اصلاحاتی ایجنڈے کی تشکیل پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کو مبارکباد ی۔دریں اثناء وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق، سینئر وزیر حکومت سردار تنویر  الیاس،  رکن قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر، علی شان سونی نے ملاقات  کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت کشمیر کونسل کے انتخابات اور کابینہ کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی،اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کو کامیاب بنانے کیلئے مل جل کر جدوجہد جاری رکھیں گے آزاد کشمیر میں میرٹ اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام دس سال سے محرومیوں کا شکار ہیں آزاد کشمیر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے، تمام ارکان اسمبلی عوامی خدمت کے لیے دن رات محنت کریں، آزاد کشمیر میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دوں گا، تمام حلقوں میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کریں گے، ریاست میں گڈگورننس، میرٹ کی بالا دستی یقینی بنائیں گے، اس موقع پر سینئر وزیر حکومت سردار تنویر الیاس نے کہا کہ موجودہ حکومت آزاد کشمیر کی تاریخ کی سب سے کامیاب حکومت ہوگی اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے شانہ بشانہ جدوجہد کرینگے۔

ای پیپر دی نیشن