بھارت خطے میں دہشت گردوں کا سہولت کار ہے: گورنرسرور

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھارت کو خطے میں دہشت گردوں کا سہولت کار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سے پاکستان میں امن واستحکام بر داشت نہیں ہورہا۔ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج موجود ہیں جو بھارت سمیت پاکستان کے ہر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر سمیت مختلف اضلاع سے آنے والے وفود سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب  نے کہا کشمیر میں بھارتی دہشت گرد افواج کے مظالم کی وجہ سے 95ہزار 843سے زائد کشمیری شہید '22ہزار 930خواتین بیوہ اور1لاکھ سے زیادہ  بچے یتیم ہو چکے ہیں مگر بدقسمتی سے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھارتی افواج کی اس بدترین دہشتگردی پرخاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ دنیا کو اب مزید تماشائی کا کردار ادا کر نے کی بجائے کشمیر میں بھارتی مظالم کا سخت نوٹس لینا ہوگا ورنہ تاریخ کسی کو معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا بھر میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور 22کروڑ پاکستانی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ ہیں جبکہ کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کر یگا۔

ای پیپر دی نیشن