فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور نئی نسلوں کیلئے بہتری کی سوچ ہے۔ الیکشن کی شفافیت کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ضروری ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق دینا ہے۔ گوجرانوالہ میں شجرکاری کے حوالے سے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ کراچی میں 25 اربن فارسٹ موجود تھے جہاں چائنہ کٹنگ ہوئی۔ درختوں کی کٹائی کے حوالے سے سخت قانونی سازی ہونی چاہئے۔ پاکستان گلوبل وارمنگ کیخلاف اقدامات کرنے والے صف اول کے ممالک میں ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عمران خان نے شعور اجاگر کیا۔ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا۔ پی ڈی ایم سیاسی بیروزگاروں کا ٹولہ ہے۔ پی ڈی ایم کی ترجیحات میں عوام کی خوشحالی کا ایجنڈا شامل نہیں۔ استعفے لانگ مارچ سب ناکام ہوگئے۔ اپوزیشن جماعتیں آئیں انتخابی اصلاحات میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا فیصل آباد میں پی ایس ایل میچز کیلئے پی سی بی سے رابطہ کریں گے۔ پاکستان کی کوشش ہے افغانستان میں امن قائم ہو۔ عوام کو ہجرت نہ کرنی پڑے۔ پاکستان نے 30 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی۔ بھارت افغانستان میں دہشت گردی کا بیج بونے گیا تھا۔ بھارت کی افغانستان میں اربوں کی سرمایہ کاری تباہ ہوگئی۔ طاقتور افراد کی ٹانگیں آج قانون کی حاکمیت سے کانپ رہی ہیں۔ فیصل آباد میں بلین ٹری پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ دراصل اپوزیشن کا الیکٹرونگ ووٹنگ مشین کی مخالفت کا ایک مقصد اپنے سیاسی آقاؤں کو این آر او اور احتساب سے بچانا ہے لیکن ہم پوچھتے ہیں کہ کیا ہم نے انہیں کہا تھا کہ وہ منی لاڈرنگ کریں۔ جعلی ٹی ٹیز بنائیں اور بوگس اکائونٹس بنا کر ملک کا اربوں روپیہ لوٹ کر ان میں ٹرانسفر کریں۔ لہٰذا اگر انہوں نے یہ سب کچھ کیا ہے تو ان کو اس کا حساب دینا اور احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ اس موقع پر تقریب میں صوبائی وزیر کالونیز میاں خیال کاسترو، ایم پی اے اجمل چیمہ، میاں اجمل فاروق دیگر صنعتی، سماجی اور کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔ قبل ازیں وزیر مملکت فرخ حبیب نے مہمانوں کے ہمراہ نور فاطمہ ہاؤس میں مختلف اقسام کے پودے بھی لگائے۔اے پی پی کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے بڑے شہروں کو چلانے کیلئے جلد ہی ایک نیا لوکل گورنمنٹ (ایل جی) سسٹم نافذ کرے گی۔ لوگوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانا پاکستان تحریک انصاف حکومت کا ترجیحی ایجنڈا ہے۔
حکومت شہروں کو چلانے کیلئے جلد نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم لائے گی: فرخ حبیب
Aug 23, 2021