میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی آزادی صحافت پر حملہ ہے‘ نفیسہ شاہ

Aug 23, 2021

کراچی(وقائع نگار)پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نفیسہ شاہ نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے فیصلے کومسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے۔اتوارکوجاری بیان میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آزادی صحافت پر قدغن اور صحافیوں کی آواز دبانے کی سازش ہے ۔ اتھارٹی کے قیام سے متعلق فیصلے سے حکومت کے مذموم مقاصد کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔ سائبر کرائم کے تحت کارروائیوں کے بعد اب میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی حکومت کا اگلا ہدف ہے۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کا دور میڈیا اور صحافیوں کے حقوق اور سنسرشپ کا بدترین دور کے طور پر یاد رکھا جائیگا،میڈیا کی تنظیموں اور اپوزیشن کے شدید تحفظات کے باوجود اتھارٹی کے فیصلے پر بضد ہونا سمجھ سے بالاتر اور قابل مذمت ہے،حکومت کے آزادی صحافت پر مسلسل حملوں اور سنسرشپ سے دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،اس اتھارٹی کے قیام کی ہر فورم پر بھرپور مخالفت کریں گے۔

مزیدخبریں