دبئی ایکسپو میں بھر پور شرکت، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دائرہ بڑ ھا ئینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں دبئی ایکسپو کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت دبئی ایکسپو میں بھرپور شرکت کرے گی۔ پنجاب حکومت نومبر میں دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اور تجارتی ’’شوکیسنگ‘‘ کرے گی۔ دبئی ایکسپو میں جنوبی، سنٹرل پنجاب اور پوٹھوہار ریجن کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ جنوبی پنجاب، وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت نجی شعبے کو بھی نمائندگی دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دبئی ایکسپو میں پنجاب کی ثقافت، تجارت، سیاحت اور درخشاں روایات کے پوشیدہ گوشے روشناس کرائے جائیں ۔ دبئی ایکسپو میں شرکت کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لانا ہے۔ دنیا کو پنجاب کے بزنس فرینڈلی ماحول سے آگاہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلی عثمان بزدار نے ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس سے متعلقہ امور جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ائیر ایمبولینس کے آغاز سے ریسکیو سروسز کو نئی شناخت ملے گی۔ پنجاب خطے میں ریسکیو ائیر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا۔ ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس سے دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہو گا۔ ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس کا اجراء  وقت کا تقاضہ ہے۔ وز یراعلی نے کہاکہ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور بروقت علاج معالجہ ہر فرد کا حق ہے۔ ریسکیو ائیرایمبولینس کے اجراء  کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس حوالے سے  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدات اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ریسکیو ائیرایمبولینس سروس شروع کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سپیشل کوآرڈینیٹر وزیراعلی برائے چائلڈ پروٹیکشن سارہ احمد نے بھی ملاقات کی۔ سارہ احمد نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دائرہ کار پنجاب کے ہر ضلع تک بڑھایا جائے گا۔ بے سہارا بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کررہے ہیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بچوں سے بھیک منگوانے والے گینگزکے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں رہنے والے بچے ہمارے بچے ہیں۔ فیصل آباد کے وزٹ پر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروکا افتتاح کروں گا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیئرمین سٹی نیوز نیٹ ورک سید افضل نقوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں محسن نقوی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن