اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے موثرحکمت عملی وضع کی ہے جس کے نتیجہ میں موجودہ انتظامیہ کے دور میں اب تک 535 ارب روپے کی ریکوری ہوئی ہے ۔ اتوار کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ گیلانی اینڈگیلپ کے سروے میں 59 فیصد پاکستانی عوام نے نیب پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ قومی احتساب بیورو قانون کے مطابق نیب بلاتفریق احتساب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے فعال حکمت عملی کی وجہ سے سزائوں کی مجموعی شرح 66 فیصد ہے جو دنیا بھرمیں وائٹ کالر جرائم کی تحقیقات میں اہم کامیابی ہے۔ قومی احتساب بیورو کسی دھمکی اور تنقید کے باوجود اپنی قانونی ذمہ داریاں اداکرے گا۔ نیب کی انتظامیہ قانون کے مطابق انکوائریز اور تحقیقات کا عمل جاری رکھیں گی۔ نیب نے بالخصوص بدعنوانی، منی لانڈرنگ، عوام الناس سے دھوکہ دہی، جان بوجھ کر بینک ڈیفالٹ ہونے، اختیارات کے غلط استعمال اور ریاسی فنڈز پرخرد برد پراپنی توجہ مرکوز کی ہے۔ گزشتہ تین برسوں میں نیب کے علاقائی بیوروز کی کارگردگی مثالی رہی ہے۔ میگا کرپشن کے کیسوں کو منطقی انجام تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ 179 میگا کرپشن کیسز میں 66 کیسز کوقانون کے مطابق نمٹایا گیا، ملک بھر میں 1273 نیب کے ریفرنس مختلف احتساب عدالتوں میں زیرسماعت ہیں جن میں 1300 ارب روپے کی مبینہ خورد برد ہوئی ہے۔