لندن(وائس آف ایشیا ):سدرن بریو نے دی ہنڈرڈ کمپٹیشن کے فائنل میں برمنگھم فینکس کو 32 رنز سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پال سٹرلنگ نے 61 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور مرد میدان قرار پائے۔ لارڈز لندن میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سدرن بریو نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 100 گیندوں پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، اوپنر پال سٹرلنگ نے چھ چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ روس وائیٹلی 44 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ایڈم ملن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ برمنگھم فینکس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 100 گیندوں پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے، لیام لیونگسٹون 46 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ پال سٹرلنگ کو میچ اور لیام لیونگسٹون کو ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔